افغانستان میں قیام امن کا معاملہ، علی امین گنڈا پور نے بڑا قدم اٹھا لیا
پاکستان اور افغانستان میں قیام امن کے لیے افغانستان جرگہ بھیجنے کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت نے افغان حکومت سے رابطہ کیاہے: وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور

پشاور (کھوج نیوز) افغانستان میں قیام امن کا معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے بڑا قدم اٹھا لیا ہے جس کے بعد وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کی بھی پلاننگ کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں قیام امن کے لیے افغانستان جرگہ بھیجنے کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت نے افغان حکومت سے رابطہ کیا تاہم امارات اسلامی افغانستان کے 2 اہم حکومتی عہدیداروں کے سعودی عرب کے دورے پر ہونے کے باعث ملاقات میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ابتدائی بات چیت کے لیے پہلے مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر محمد علی سیف اور قبائلی عمائدین پر مشتمل چھوٹا وفد افغانستان جائے گا، مذاکرات میں پاک افغان سرحد کے اطراف قیام امن اور تجارتی تعلقات کے فروغ سمیت دیگر امور پرغور ہوگا۔وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ افغانستان کی وجہ سے خیبر پختونخوا متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز بنا کر اور وفاقی حکومت کو اعتماد میں لے کر جلد وفد افغانستان بھیجیں گے، بات چیت کے لیے جرگہ بنائیں گے جس میں مختلف اقوام کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گرینڈ جرگہ ہوگا جس میں دونوں ممالک کے قبائلی عمائدین اور عہدیدار شریک ہوں گے۔