خیبر پختونخوا کے علاقے کرم میں حالات کشیدہ ،امدادی سامان کے قافلے پر حملہ
کرم میں امدادی سامان لے کر جانے والے قافلے پر ایک بار پھر حملہ ہوا ہے، جس میں شدید فائرنگ کرتے ہوئے امدادی گاڑیوں میں لوٹ مار کی گئی

ڈی آئی خان(کھوج نیوز ) لوئر کرم میں اوچت و ڈاڈ قمر میں بھی قافلے پر فائرنگ کی گئی ہے۔ 64 گاڑیوں کا قافلہ ٹل سے روانہ ہوا تھا، فائرنگ سے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ڈرائیور زخمی ہواہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق 113 گاڑیوں میں سے ایک بھی واپس ٹل نہیں پہنچی۔ انتظامیہ کا صورت حال سے متعلق کہنا ہے کہ کرم قافلے پر فائرنگ میں زخمی ڈرائیور اکرم خان کو علی زئی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جس کا تعلق پشاور سے بتایا جاتا ہے۔زخمی ڈرائیور نے بتایا کہ میرے میڈیسن سے بھرے ٹرک کو چارخیل کے علاقے میں لوٹ لیا گیا۔ پولیس نے گاڑی علاقے میں چھوڑنے کا کہہ کر اسپتال روانہ کردیا، اور اس کے بعد مسلح افراد نے گاڑی لوٹنا شروع کردی۔ ڈرائیور نے بتایا کہ فائرنگ سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور میں زخمی بھی ہوا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرم جانے والے قافلے میں شامل گاڑیاں محفوظ اور منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔جو کوئی بھی امن خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔