خضدار میں دھماکے، 3افراد جاں بحق، متعدد زخمی
دھماکے کی نوعیت جانچنے کیلئے بم ڈسپوزل سکواڈ کارروائی میں مصروف، وزیراعلیٰ بلوچستان کا دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار

خضدار (کھوج نیوز) خضدار کی تحصیل نال میں دھماکے سے 3 افرادجاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں ، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کرنے کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ خضدار کی تحصیل نال کے بازار میں ہوا جس سے وہاں موجود گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ پولیس نے بتایاکہ دھماکے کے نتیجے میں 3 افرادجاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں کو نال اور خضدار ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے میں زخمی افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دہشت گردی کا ہر صورت قلع قمع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ امن دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوں گے، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔