مراد سعید کا دھماکہ خیز ویڈیو پیغام: خیبر پختونخوا کی عوام سے بڑی اپیل
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے سوات جلسے میں ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل

سوات(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے سوات جلسے میں ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ جب بھی عمران خان کی کال آئے، آپ نے ہر حال میں باہر نکلنا ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان، بشری بی بی اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل میں قید کو ناحق قرار دیتے ہوئے اسے سیاسی انتقام کی بدترین مثال قرار دیا۔
مراد سعید نے مردان واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاستی اداروں نے معصوم لوگوں کو قتل کر کے انہیں دہشت گرد قرار دے دیا، جبکہ ان کے لواحقین انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ "ہم ان مظلوموں کے لیے ایف آئی آر درج کروائیں گے، یہ لوگ لاوارث نہیں ہیں۔”
اپنے پیغام میں مراد سعید نے حالیہ بم دھماکوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دعوی کیا کہ میں نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ یہ ان کا پلان ہے، یہ سوات اور مالاکنڈ سے دھماکوں کی ابتدا کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو ایک مخصوص پشتون کارڈ کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مراد سعید کا یہ ویڈیو پیغام نہ صرف ان کے حامیوں میں جوش و جذبہ پیدا کر رہا ہے بلکہ سیاسی فضا کو مزید گرما رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس پیغام کو عوام کی جانب سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے ۔