بلوچستان کی تاریخ میں پہلی ہندو خاتون اسسٹنٹ کمشنر تعینات
بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوشکی سے تعلق رکھنے والی کشش چوہدری نے تاریخ رقم کر دی ،کشش صوبے کی پہلی ہندو خاتون بن گئی ہیں

کوئٹہ(کھوج نیوز) بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوشکی سے تعلق رکھنے والی کشش چوہدری نے تاریخ رقم کر دی ،کشش صوبے کی پہلی ہندو خاتون بن گئی ہیں جنہیں اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ ان کی اس کامیابی کو بلوچستان میں میرٹ، تنوع اور شمولیت کی روشن علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
کشش چوہدری نے کم عمری میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کا سخت ترین امتحان پاس کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔ ان کی اس کامیابی کو وزیراعلی بلوچستان میر سر فراز بگٹی نے وزیراعلی سیکریٹریٹ کوئٹہ میں ہونے والی ایک باضابطہ ملاقات میں سراہا۔ ملاقات میں ان کے والد گردھاری لال بھی موجود تھے۔
وزیراعلی بگٹی نے کشش کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشش نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان کی بیٹیاں کسی سے کم نہیں اور محنت، لگن اور قابلیت صوبے کے ہر کونے سے ابھر سکتی ہے۔
کشش چوہدری نے اپنی گفتگو میں عوامی خدمت کے جذبے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوانوں، خواتین اور محروم طبقات کی آواز بننا چاہتی ہیں۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی پس منظر رکھنے والی ایک نوجوان خاتون پر اعتماد کیا گیا، جو ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔
کشش نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے شفاف اور مساوی مواقع فراہم کرنے والے نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امیدوار کا تعلق کسی بھی علاقے یا پس منظر سے ہو، کامیابی صرف لگن اور محنت پر منحصر ہے۔



