اثاثے چھپانے کا الزام ،عمر ایوب کے خلاف بھی بڑا قدم اُٹھا لیا گیا
قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے

اسلام آباد(کھوج نیوز)اثاثے چھپانے کا الزام ،عمر ایوب کے خلاف بھی بڑا قدم اُٹھا لیا گیا،قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ہے۔
یہ ریفرنس سابق رکن قومی اسمبلی بابر نواز کی جانب سے جمع کرایا گیا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عمر ایوب نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات میں غلط بیانی کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ریفرنس میں مقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمر ایوب نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاری ویزے اور اس سے حاصل ہونے والے منافع یا نقصان کو اپنے گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔ مزید یہ کہ انہوں نے ایک کمپنی کے حصص اور منافع کو بھی چھپایا، جو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ان کی نااہلی کا باعث بن سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس ریفرنس کو سماعت کے لیے مقرر کر لیا ہے۔ اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو عمر ایوب کی قومی اسمبلی کی رکنیت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ یہ پیشرفت ملک کی سیاسی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے، خاص طور پر اپوزیشن کی قیادت میں ممکنہ تبدیلی کے تناظر میں۔



