شرح سود میں کتنی کمی ہوسکتی ہے؟ وزیر خزانہ نے بتا دیا
مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، 30 جون کو ختم مالی سال ملٹی نیشنلز کا 2.3 ارب ڈالر کا منافع باہر گیا ہے: وزیر خزانہ

کراچی (کھوج نیوز) شرح سود میں مزید کتنی کمی ہو سکتی ہے؟ اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتا دیا ہے جب انہوں نے اس فیصلے کا اختیار سٹیٹ بینک کو دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا حکومتی اقدامات کے باعث معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ معاشی استحکام میں حائل رکاوٹوں کو دور کر دیا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا ایف بی آر کی اضافی طاقت کا انکم ٹیکس نہیں سیلز ٹیکس سے تعلق ہے، آج گورنر اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکس کے صدور سے ملاقات ہوئی، ہم نے پوچھاہیکہ معاشی استحکام میں بینک کیا کردار ادا کر سکتے ہیں، معاشی ترقی میں بینکوں کا اہم کردارہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا نجکاری میں بینکس کا کردار ہونا چاہیے، بیمار صنعتوں کو دوبارہ فعال کرنے میں بینکس کااہم کردار ہو سکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بینک سرمایہ کاروں سے مل کر بیمار صنعتی یونٹس کو بحال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، 30 جون کو ختم مالی سال ملٹی نیشنلز کا 2.3 ارب ڈالر کا منافع باہر گیا ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کا منافع باہر جانے، ایل سی نہ کھلنے کے مسائل ختم ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا حکومت نے اپنے اخراجات میں کمی کی ہے اور گردشی قرضے کو بھی کم کر رہے ہیں۔