توشہ خانہ ٹو کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ہائیکورٹ سے رجوع

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور بشری بی بی نے بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری ایڈوکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست جمع کرائی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں نومبر 2024 میں بریت درخواستیں مسترد کیں۔ عمران خان اور بشری بی بی نے ٹرائل کورٹ کا بریت درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت درخواستوں پر فیصلے تک ٹرائل روکا جائے اور ٹرائل کورٹ سے بریت درخواست مسترد ہونے کے فیصلے کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔ درخواست میں کہا گیاکہ مسترد ہونے والی بریت درخواستوں کے خلاف اپیل21 جنوری2025ء کو دائر کی گئی جس کی آخری سماعت25 اپریل کو ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے اپیل کو سماعت کے لیے مقرر ہی نہیں کیا گیا۔ اپیل کی سماعت میں تاخیر سے درخواست گزار کے حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔