بالی ووڈ اداکار پنکج تریپاٹھی کے بہنوئی کار حادثہ میں چل بسے، بہن شدید زخمی
حادثہ گزشتہ روز جھارکنڈ کے علاقے دھنباد میں پیش آیا، جوڑا بہار کے ضلع گوپال گنج سے مغربی بنگال جا رہا تھا جہاں ان کی کار ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی
دھنباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکار پنکج تریپاٹھی کے بہنوئی راکیش تیواری جھارکنڈ میں پیش آئے ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئے جبکہ اداکار کی بہن سبیتا حادثے میں شدید زخمی ہو گئیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق پنکج تریپاٹھی کی بہن اور بہنوئی کی کار کو حادثہ گزشتہ روز جھارکنڈ کے علاقے دھنباد میں پیش آیا، جوڑا بہار کے ضلع گوپال گنج سے مغربی بنگال جا رہا تھا جہاں ان کی کار ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی۔ میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد راکیش تیواری اور ان کی اہلیہ سبیتا کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے راکیش کو مردہ قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ پنکج تریپاٹھی کی بہن کو شدید چوٹیں آئیں اور ٹانگ میں فریکچر کا سامنا کرنا پڑا تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ میڈیا پرجوڑے کی گاڑی کو آئے حادثے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، ویڈیو میں تیز رفتار کار کو ڈیوائیڈر سے ٹکراتے دیکھا جا سکتا ہے۔