ڈرامہ سیریل میں شدت میں سلطان کا کردار نبھانے کیلئے کون سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟ منیب بٹ نے بتا دیا
ہم نے اس بات کا خاص خیال رکھا ہے کہ دیکھنے والے سلطان کو جب اسکرین پر دیکھیں تو انہیں چیخنے چلانے والے مناظر دیکھ کر اکتاہٹ نہ ہو، بلکہ وہ اس کی حرکتیں انجوائے کریں
لاہور(شوبز ڈیسک) اداکار منیب بٹ ان دنوں جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامہ سیریل شدت میں سلطان کا کردار نبھا رہے ہیں ان کو سلطان کردار نبھانے کے لئے کون سی مشکلات کا سامنا ہے؟ پتا چل گیا
تفصیلات کے مطابق اداکار منیب بٹ نے کہا کہ سلطان ایک دفعہ بھی اپنی بیوی پر ہاتھ نہیں اٹھائے گا، چیخے گا نہیں، برے کلمات سے اسے نہیں پکارے گا، ہم نے اس بات کا خاص خیال رکھا ہے کہ دیکھنے والے سلطان کو جب اسکرین پر دیکھیں تو انہیں چیخنے چلانے والے مناظر دیکھ کر اکتاہٹ نہ ہو، بلکہ وہ اس کی حرکتیں انجوائے کریں۔ عموما جب ناظرین اسکرین پر منفی کردار دیکھتے ہیں تو بور ہوجاتے ہیں چینل ہی بدل لیتے ہیں، ہم نیکوشش کی ہے کہ سلطان ایسا ہیرو نہ دکھائی دے۔
ڈرامہ چائلڈ ابیوز کے پہلووں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ منیب بٹ نے سلطان کے پیچیدہ کردار پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ایک ایسا بچہ ہے جس نے بچپن میں بڑے تلخ رویوں کو قریب سے دیکھا ہے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ جب بچوں کے ساتھ گھر میں منفی رویہ رکھا جائے تو ان کی شخصیت میں کس حد تک تبدیلی پیدا ہوسکتی ہے۔ اب ہمارے ناظرین پہلے جیسے نہیں بلکہ پڑھے لکھے لوگ ہیں جن میں اچھا برا سمجھنے کی تمیز ہے کیونکہ ہم نے ہی ہر اچھی بری چیز دکھا کر انہیں فرق کرنے کی سوچ دی ہے، آپ اب کوئی بھی چیز اٹھا کر نہیں دکھا سکتے آپ کو بھی اسمارٹ بننا پڑے گا۔