نہ ہندو نہ مسلمان،کرینہ کپور کس مذہب کی پیروکار ہیں مداح چکرا گئے
تیمور اور جہانگیر کی آیا نے تہلکہ خیز راز کا بھانڈا پھوڑ دیا

لاہور(شوبزڈیسک)پٹودی خاندان کے چشم و چراغ تیمور اور جہانگیر کی سابقہ آیا للیتا ڈی سلوا نے بالی وڈ حسینہ کرینہ کپور کے مذہب سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف کردیا۔کرینہ کپور خان نے 16 اکتوبر 2012 کو نواب خاندان کے صاحبزادے و بھارتی اداکار سیف علی خان سے شادی کی تھی جو کہ اداکار کی دوسری شادی تھی۔ کرینہ سے قبل سیف امریتا سنگھ سے رشتہ ازدواج میں منسلک تھے جن سے انکا ایک بیٹا ابراہیم علی خان اور بیٹی سارا علی خان ہیں، تاہم یہ شادی 13 سال بعد 2004 میں ختم ہوگئی تھی۔
کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی کئی تنازعات کا شکار ہوئی کیونکہ یہ بین المذاہب شادی تھی جس کے خلاف ناصرف مسلمان بلکہ ہندو بھی بولتے دکھے۔شادی کے بعد کرینہ کپور سے اکثر یہ سوال پوچھا گیا کہ سیف جنکا تعلق مسلم گھرانے سے ہے ان سے شادی کے بعد کیا آپ نماز اور روزہ رکھتی ہیں؟ جس پر اداکارہ صاف انکار کرچکی ہیں۔جہاں خود کرینہ نے کبھی اپنے مذہب پر کھل کر بات نہیں کی لیکن انکے بچوں کی سابق آیا للیتا ڈی سلوا نے بھارتی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پنک وِلا کو دیے گئے انٹرویو میں اس حوالے سے اہم انکشاف کردیا۔
للیتا ڈی سلوا نے انکشاف کیا کہ کرینہ کپور اپنی والدہ کے مذہب پر چلتی ہیں، ان کی والدہ ببیتا بھی عیسائی مذہب کی پیروکار ہیں اور کرینہ کپور بھی عیسائی مذہب کی پیروی کرتی ہیں۔للیتا ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ کرینہ کپور ایک مذہبی خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کی بھی عزت کرتی ہیں، وہ جانتی ہیں کہ بچوں کو بچپن سے ہی مثبت سوچ کا مالک بنانے کے لیے مذہب کے قریب رکھنا کتنا ضروری ہے۔
للیتا کا کہنا تھا کہ بچوں کی پرورش کرتے ہوئے میں عیسائی اور سکھوں کا مخصوص مذہبی کلام لگا دیتی تھی اور اس پر مجھے کرینہ کپور نے کبھی نہیں روکا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں جو وہ لوگ کھانا کھاتے ہیں وہی تمام ملازموں کو بھی کھلایا جاتا ہے، سب کیلئے ایک ساتھ ایک جیسا کھانا پکتا ہے۔