اداکارہ نرگس پرشوہرکا بہیمانہ تشدد،اداکارہ ریشم نے حکومت سےملزم کو نشان عبرت بنانےکا مطالبہ کردیا
ریشم کا کہنا تھا کہ نرگس کو اس درجہ بہیمانہ تشدد کا شکار دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر اس ہاتھ کو کاٹ دینا چاہیے جو عورت پر تشدد کے لیے بڑھتا ہے

لاہور(شوبزڈیسک)اداکارہ نرگس پرشوہرکا بہیمانہ تشدد،اداکارہ ریشم نے حکومت سےملزم کو نشان عبرت بنانےکا مطالبہ کردیا ۔رپورٹ کے مطابق ماضی کی مقبول اسٹیج اداکارہ غزالہ عرف نرگس پرچند روزقبل شوہرکی جانب سے تشدد کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا تھا، اداکارہ نرگس پرمبینہ تشدد کی ویڈیوز اورتصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ نرگس نے مقف اختیار کیا تھا کہ یکم نومبر کی صبح 5 بجے ماجد نے کہا کہ فارم ہاس اور دیگر جائیداد میرے نام کرو، زیورات اور نقدی بھی حوالے کرو۔ میں نے انکارکیا تو انسپکٹر ماجد بشیر نے تشدد کرنا شروع کردیا اور سرکاری پستول کے بٹ مارے جس سے چہرے سمیت جسم کے حصوں پر سوجن ہوگئی اور نشان پڑ گئے۔

اب پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم نے اس حوالے سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ آپ نے نرگس کی جو تصویریں اور ویڈیوز دیکھی ہیں وہ اس کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہے جو وہ سامنے سے دیکھ کرآرہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نرگس نے اپنا گھر بچانے کے لیے تھیٹر، فلم اور ہر وہ چیز کرنا چھوڑ دی جو ان کے شوہر کو نا پسند تھی لیکن اس کے باوجود وہ اپنا گھر نہ بچا سکیں۔ ریشم کا کہنا تھا کہ نرگس کو اس درجہ بہیمانہ تشدد کا شکار دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر اس ہاتھ کو کاٹ دینا چاہیے جو عورت پر تشدد کے لیے بڑھتا ہے، انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ نرگس کو فوری طور پہ انصاف دلوا کر اصل مجرم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔



