راکھی ساونت نے فہد مصطفیٰ کو کیوں بنایا اپنا نیا ‘کنگ’؟
بالی وڈ کی متنازعہ اور منفرد شخصیت راکھی ساونت نے پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر 'کنگ' کا لقب دے کر سب کو حیران کن پیغام دیا ہے

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ کی متنازعہ اور منفرد شخصیت راکھی ساونت نے پاکستانی اداکار فہد مصطفیٰ کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ‘کنگ’ کا لقب دے کر سب کو حیران کن پیغام دیا ہے۔ یہ اسٹوری پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے، جس میں راکھی نے فہد مصطفیٰ کی بے حد تعریف کرتے ہوئے انہیں ‘کنگ’ اور خود کو ‘کوئین’ قرار دیا۔راکھی ساونت کی یہ پوسٹ ان کے فینز کے لیے نیا شگوفہ ہے، کیونکہ وہ اکثر اپنی بے باک حرکات اور غیر روایتی بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔ لیکن اس بار انہوں نے پاکستانی اداکار کی بے حد تعریف کی، جس سے دونوں ممالک کے شائقین کو حیرانی ہوئی۔ فہد مصطفیٰ کی کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہوئے راکھی نے انہیں ‘کنگ’ کا خطاب دیا، جو فہد کی اداکاری، پروڈکشن اور مقبول گیم شو ‘جیتو پاکستان’ کی کامیابیوں کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔فہد مصطفیٰ کا کیریئر ان کے کامیاب ڈراموں اور پروجیکٹس کی بدولت عروج پر ہے، اور اس تعریف کے بعد یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا فہد اس پر ردعمل دیں گے یا اس اسٹوری کو شیئر کریں گے؟ فی الحال فہد مصطفیٰ اپنے حالیہ کامیاب ڈرامے "کبھی میں کبھی تم” کی کامیابی پر انٹرویوز دے رہے ہیں، تاہم ان کی طرف سے اس تعریف پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

راکھی کی اسٹوریز عموماً ان کے فینز کے لیے چونکا دینے والی ہوتی ہیں اور اس بار فہد مصطفیٰ کو کنگ کہنا ان کی انسٹاگرام پر ایک نیا چہرہ سامنے لے آیا ہے۔