عیدالفطر پر کون سی نئی فلمیں ریلیز ہوں گئیں؟
عید کے موقع پر 5 پاکستانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی

کراچی(شوبز ڈیسک)ہر سال کی طرح اس سال بھی چھوٹی عید پر سینما گھروں میں پاکستان فلم انڈسٹری نمائش کے لیے پانچ نئی فلمیں ریلیز کرنے جا رہی ہے جن میں :
لوو گرو
سپر اسٹار ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی رومانٹک فلم لو گرو اس عید پر سینما گھروں کی زینت بنے گی، ہدایتکار ندیم بیگ کی فلم لو گرو کے ذریعے ماہرہ خان اور ہمایوں سعید ایک دہائی بعد بڑے پردے پر رومانس کرتے دکھائی دیں گے، اس سے قبل دونوں 2015 کی رومانوی فلم بن روئے میں رومانس کرچکے ہیں اور اب شائقین 10 سال بعد انہیں دوبارہ رومانس کرتے دیکھیں گے۔فلم کی شوٹنگ پاکستان سمیت برطانیہ میں بھی کی گئی ہے جبکہ اس کی کاسٹ میں دیگر بھی نامور اداکار شامل ہیں۔ معروف اداکار، ہدایتکار اور اسکرین رائٹر واسع چوہدری نے فلم لو گرو کی کہانی لکھی ہے لوو گرو کو سلمان اقبال فلمز، اے آر وائی فلمز اور سکس سگما پلس کے بینر تلے عید الفطر پر ریلیز کیا جائے گا۔
قلفی
معروف اداکار شہروز سبزواری اور اداکارہ و ماڈل سعیدہ امتیاز کی فلم قلفی عید پر ریلیز کی جائے گی۔ فلم ایکشن، کامیڈی، ڈرامہ اور سسپنس سے بھرپور ہے۔ فلم میں شہروز سبزواری، شامل خان، جاوید شیخ، معمر رانا، عدنان شاہ ٹیپو، سعیدہ امتیاز، مریم انصاری، لیلی دستان، بابر علی، ولی حمید علی خان، مشہود قادری، ازمی، محمود اسلم اور فیصل نقوی جیسے سپر اسٹارز شامل ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر مشہود قادری کا کہناہے کہ فلم قلفی صرف ایک فلم نہیں یہ ایک تجربہ ہے اور ہم شائقین کی پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے پراسراریت، رومانس، ایکشن اور مزاح سب ایک چھت تلے اکھٹا کر کے دکھانا چاہتے ہیں۔
کبیر
فلم کبیر کی کاسٹ میں اداکار میثم علی، سکینہ خان، انعم تنویر، عدنان شاہ ٹیپو، جہانگیر جانی اور سخاوت ناز سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔ لالی ووڈ کی اس فلم کو نیہا لاج نے ڈائریکٹ کیا ہے اور فلم کے پرڈیوسر میثم علی ہیں، اس فلم کو عید الفطر پر سینماں میں ریلیز کیا جائے گا۔
لمبی جدائی
معروف ڈائریکٹر جاوید رضا اور پروڈیوسر ملک مشتاق کی نئی پاکستانی فلم لمبی جدائی عید الفطر میں ریلیز کی جائے گی، اس فلم کے ہیرو طیب خان، اور ہیروئن فضا مرزا ہیں، فلم کے پروڈیوسر ملک مشتاق کا کہنا ہے کہ یہ فلم نفع کمانے کے لیے نہیں بلکہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے بنائی گئی ہے، وہ چاہتے ہیں پاکستان فلم انڈسٹری دوبارہ سے پروان چڑھے، فلم لمبی جدائیکے نمایاں فنکاروں میں بابر علی، نواز خان، فضا مرزا، طیب خان، اظہر رنگیلا، طلعت شاہ اور حریم فاطمہ نمایاں ہیں۔
مارشل آرٹسٹ
فرحان خان، شاز خان اور صنم سعید کی کھیلوں کے فروغ کو اجاگر کرتی فلم مارشل آرٹسٹ بھی سینما گھروں کی زینت بنے گی، فلم میں منفرد پیغام بھی دیا گیا ہے۔