سلمان خان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کرنیوالے کون؟ سچائی سامنے آگئی
23 سالہ جتیندر کمار سنگھ نامی نوجوان نے شام تقریبا 7:15 بجے سلمان خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی جبکہ 32سالہ خاتون کو لفٹ میں سے دھر لیا گیا

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار سلمان خان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کرنے والے افراد کون تھے؟ اس حوالے سے چونکا دینے والی سچائی سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس کے مطابق بالی وڈ اداکار سلمان خان کے باندرا میں موجود گھر میں داخل ہونے کے دو الگ واقعات میں ملوث ایک خاتون اور ایک مرد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 23 سالہ جتیندر کمار سنگھ نامی نوجوان نے شام تقریبا 7:15 بجے سلمان خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جتیندر کو سب سے پہلے صبح 9:45 کے آس پاس باندرہ میں سلمان کے گھر کے قریب گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس وقت سلمان خان کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس افسر نے اسے وہاں سے جانے کو کہا جس پر ناراض ہو کر جتیندر نے اپنا موبائل زمین پر پھینک کر توڑ دیا۔
افسران نے مزید بتایا کہ اسی دن شام کو، جتیندر اسی عمارت میں رہنے والے ایک شخص کی گاڑی میں چھپ کر گلیکسی اپارٹمنٹ میں داخل ہو گیا، تاہم اسے دوبارہ پولیس نے روک لیا اور اس بار اسے باندرہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک علاحدہ واقعہ میں 32 سالہ خاتون ایشا چھابڑا کو فلم سٹار کی عمارت کی لفٹ تک پہنچنے کے بعد دھر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ ان دونوں پر مقدمہ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔