گلوکار عاصم اظہر اور ان کی منگیتر اداکارہ میرب علی نے راہیں جدا کرلیں
عاصم اظہر نے کہا کہ جیسے ہم یہ بات وقار کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں، اسی وقار سے اسے قبول کیا جائے

کراچی(شوبز ڈیسک)معروف گلوکار عاصم اظہر اور ان کی منگیتر اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر میرب علی نے راہیں جدا کرلیں۔عاصم اظہر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے میرب علی سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ گلوکار نے لکھا کہ وہ ایک ذاتی بات شیئر کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ مداح اور دوست یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں۔گلوکار نے بتایا کہ کافی سوچ بچار اور غور و فکر کے بعد، میں اور میرب نے باہمی رضامندی کے ساتھ اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی خوبصورت لمحے ایک ساتھ گزارے اور ایک مشترکہ مستقبل کی امید بھی رکھی، لیکن کبھی کبھی زندگی ہماری مرضی کے مطابق نہیں چلتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے اور اپنے خاندانوں کے لیے ہمیشہ عزت اور احترام رکھتے ہیں اور آئندہ بھی رکھیں گے۔ انہوں نے مداحوں سے گزارش کی کہ ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔ عاصم اظہر نے کہا کہ جیسے ہم یہ بات وقار کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں، اسی وقار سے اسے قبول کیا جائے۔