دھرمیندرا کے انتقال کی جھوٹی افواہیں، اداکارہ میرا کی نئی منطق

کراچی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندرا کے انتقال کی جھوٹی افواہوں پر پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ میرا بھی میدان میں آگئی ہیں اور انہوں نے نئی منطق پیش کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا نے انسٹاگرام پر دھرمیندرا کی تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘دھرمیندراکے انتقال پر افسوس ہے، بالی وڈ کے مشہور ہی مین جنہوں نے اپنی طاقتور اداکاری سے 6 دہائیوں تک ناظرین کو محظوظ کیا’۔ میرا نے لکھا کہ’ فلم شعلے، چپکے چپکے اور پھول اور پتھر میں دھرمیندرا کے یادگار کردار ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے’۔ تاہم جیسے ہی میرا نے پوسٹ اپ لوڈ کی فورا ہی صارفین کی جانب سے کمنٹ شروع ہوگئے اور اداکارہ کو بتایا کہ دھرمیندرا ابھی زندہ ہیں۔
واضح رہے کہ منگل کی صبح بھارتی میڈیا کے بڑے ناموں انڈیا ٹوڈے، اے بی پی نیوز، نیوز 18 اور ہندوستان ٹائمز اور کچھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے لیجنڈ اداکار دھرمیندرا کی موت کی خبریں چلائیں جس کی ان کی بیٹی ایشا دیول نے تردید کی۔ ان جھوٹی خبروں کو سچ سمجھ کر پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے دھرمیندرا کے لیے افسوس کا اظہار کیا۔



