پنجاب حکومت کا کارنامہ، عید کیلئے تیار جعلی ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی
کھلے رنگ، کیمیکلز اور ناقص پانی سے جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں، معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی
لاہور(کھوج نیوز) پنجاب حکومت کا کارنامہ ، عید الفظر کے لئے تیار کی گئیں جعلی ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے ان کو پکڑنے کے لئے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کارروائی کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صدر ایریا میں واقع جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس یونٹ پر چھاپہ مارا، اس دوران 8 ہزار بوتلیں، 3 فلنگ بلوئنگ مشینیں، 2 ممنوعہ ڈرم، گیس پلانٹ سمیت جعلی لیبل ضبط کرلیے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ کھلے رنگ، کیمیکلز اور ناقص پانی سے جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں، معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگی بوتلیں برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، اس دوران ممنوعہ مضر صحت کھلے رنگوں، کیمیکلز اور فلیورز سے تیار محلول سپلائی کے لیے تیار رکھا پایا گیا، معروف برانڈز کی جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس تیار کرنے کے لیے تیار محلول ممنوعہ نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا، جعلی ڈرنکس کو لاہور اور ملحقہ علاقوں کی چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا، منظورشدہ فارمولے کے بغیر پانی میں کیمیکلز، فلیورز اور رنگ ڈال کر نقلی ڈرنکس تیار کی گئیں تھیں۔