لاہور میں موسلا دھار بارش، 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، تین بڑے اسپتالوں میں بارش کا پانی داخل، مریض خوار
میو اسپتال، سروسز اسپتال اور جنرل اسپتال کی وارڈز میں بارش کا پانی داخل، ایئر پورٹ پر 357ملی میٹر جبکہ نشتر ٹائون میں 299 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی

لاہور(کھوج نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے 44سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے جبکہ تین بڑے اسپتالوں میں بارش کا پانی داخل ہونے کے باعث مریض خوار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہورکے مختلف علاقوں میں 5گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جہاں نشترٹان، لکشمی چوک،تاج پورہ،جوہر ٹان میں بارش سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا’ جبکہ موسلا دھار بارش سے 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ واسا کا بتانا ہے کہ لکشمی چوک میں 211، تاجپورہ میں 240 اورجوہر ٹان میں 270ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ واسا کے مطابق 44 سالوں میں آج سب سے زیادہ بارش ائیرپورٹ پر 357 ملی میٹر جب کہ نشتر ٹاؤن میں 299 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب لاہورکے علاقے تاج پورہ میں بارش کاپانی گھروں میں داخل ہوگیا جب کہ شہر کے تین بڑے اسپتالوں کے مختلف وارڈز میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، میواسپتال سروسز اور جنرل اسپتال میں مریض اور لواحقین پریشان ہیں۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دونوں وزرائے صحت میں سے کسی نے ابھی تک نوٹس نہیں لیا،خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر میں سے کوئی نہیں پہنچا۔ علاوہ ازیں شہر میں بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہے جب کہ 288فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ ترجمان لیسکو کا بتانا ہے کہ لیسکو فیلڈ اسٹاف کی جانب سے بجلی بحالی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔



