ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ،شہری پریشان
اینٹی الرجی سمیت روز مرہ کی ادویات کی قیمتوں میں 50فیصد اضافہ ہوا اہے ،یہ اضافہ شہریوں کی قوت خرید سے باہر ہے ،مریضوں کی اکثر یت نے ادویات روزانہ استعمال کے بجائے دو دن کے وقفے سے کھا رہے ہیں

کراچی(کھوج نیوز ) امراض قلب، نزلہ زکام، ذہنی دباؤ، ملٹی وٹامن، شوگر اور اینٹی الرجی سمیت روز مرہ میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں 2023 کے مقابلے میں 2024 میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، اس اضافے کے بعد مریضوں کی اکثریت نے ادویات روزانہ استعمال کے بجائے ایک دو دن کے وقفے سے کھا رہے ہیں۔
پاکستان میں مجموعی طور پر 900 ادویات کی فارمولیشن رجسٹرڈ ہیں، ان میں 400 فارمولیشن جان بچانے والی (Essential) جبکہ 500 فارمولیشن (Non-Essential) رجسٹرڈ ہیں۔ Non-Essential ادویات کی قیمتوں کو ڈی کنٹرول کر دیا گیا جبکہ Essential ادویات پر سالانہ 7 فیصد تک اضافے کی اجازت ہے۔اس وقت مارکیٹ میں بیرون ممالک سے منگوائے جانے والے ضروری انجکشن کی قلت برقرار ہے۔ ایلوپیتھی ادویات پر کوئی ٹیکس نہیں جبکہ متبادل ادویات پر 2024 سے 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور ڈالر کی قدر بڑھنے کی وجہ سے بیشتر ادویات کی قیمتوں میں 2023 کے مقابلے میں 2024 میں 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے اور یہ اضافہ Non-Essential ادویات میں زیادہ ہوا ہے۔