پی آئی سی میں کام نہ کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف حکومت کا شکنجہ سخت،لسٹیں تیار
پی آئی سی میں ڈاکٹرز کے آپس کے جھگڑے کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ماحول خراب کرنے والے اور کام نہ کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی

لاہور (کھوج نیوز )پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرز کے آپس کے جھگڑے کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال پر محکمہ صحت نے شکنجہ سخت کر دیا ہے اور کام نہ کرنے والے ڈاکٹرز کی لسٹیں تیار کر دی گئی ہیں۔ محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ ماحول خراب کرنے والے اور کام نہ کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ صحت حکام کے مطابق کچھ ڈاکٹرز کام کرنے میں روکاوٹ پیدا کر رہے ہیں ،اور ایک دو روز کے اندر ان ڈاکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کچھ روز قبل پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر غوث نے لیب میں اپنے جونیئر ڈاکٹر اعجاز کھرل کو تشدد کا نشانہ بنایا۔اس واقعے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور مختلف شعبوں میں کام بند کر دیا گیا،ینگ ڈاکٹرز نے نئی انجیو گرافی لیب میں کام کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔



