گرمی کی شدت میں اضافہ، تعلیمی اداروں کیلئے نیا نوٹیفکیشن جاری
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا ہے جس کے تناظر میں طلبا اور اساتذہ کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے جامع ہدایات جاری کی گئی ہیں

لاہور(کھوج نیوز) ملک بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت کے باعث پنجاب حکومت کی جانب سے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جو حیران کن ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے لیے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ دنوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا ہے جس کے تناظر میں طلبا اور اساتذہ کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے جامع ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن کے تحت تمام تعلیمی اداروں میں پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔
نوٹیفکیشن میں طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہلکے، ڈھیلے ڈھالے اور گرمی کے لحاظ سے موزوں کپڑے پہن کر سکول آئیں، اس کے ساتھ ہی غیر نصابی اور آؤٹ ڈور سرگرمیاں فی الحال معطل کر دی گئی ہیں تاکہ طلبا دھوپ اور گرمی کی شدت سے محفوظ رہ سکیں، سکول میں کلاس رومز میں پنکھوں اور وینٹی لیشن کے نظام کو فعال حالت میں رکھا جائے تاکہ اندرونی ماحول قدرے معتدل رہے، طلبا کو ممکنہ حد تک کور ایریاز میں رکھا جائے اور دھوپ میں لے جانے سے گریز کیا جائے۔