کھیل

پی ایس ایل 8، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو عبرتناک شکست دیدی

پی ایس ایل 8 کے سلسلہ میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

ملتا ن(آن لا ئن ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) ملتان کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 111 رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر اننگز کے 13 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے رائلی روسوو نے 78 جب کہ محمد رضوان نے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر احسان اللہ کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم صرف 110 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔اننگز کے دوسرے ہی اوور میں مارٹن گپٹل صرف سات رنز بنانے کے پویلین لوٹ گئے جبکہ عبدل بنگلزئی بھی صرف ایک رن بنانے کے بعد عباس آفریدی کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔

کپتان سرفراز احمد کا صفر پر آسان کیچ ڈراپ ہوا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور احسان اللہ کی 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کرائی گئی گیندپر بولڈ ہو گئے۔گلیڈی ایٹرز کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب احسان اللہ نے اپنے اگلے اوور میں جیس روئے کو آؤٹ کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر افتخار احمد کو بھی چلتا کردیا اور یوں 46 کے مجموعی اسکور پر مہمان ٹیم پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔عمر اکمل اور محمد نواز نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو کچھ دیر کے لیے روک دیا اور چھٹی وکٹ کے لیے 20 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن اس سے قبل کہ یہ دونوں کھلاڑی ساجھے داری میں مزید رنز کا اضافہ کرتے، 14 رنز بنانے والے نواز ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔عمر اکمل بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ کر سکے اور اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر احسان اللہ کو وکٹ دے کر چلتے بنے جنہوں نے نسیم شاہ کو بولڈ کر کے اننگز میں پانچواں شکار کیا۔اختتامی اوورز میں نسیم شاہ اور محمد حفیظ نے چند بڑے شاٹس کھیلے لیکن اس کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ایک اوور قبل ہی 110 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، حسنین نے 22 اور حفیظ نے 18 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ جیسن روئے 27رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 12

رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں جبکہ ثمین گْل اور عباس آفریدی نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

عمران خان نے عدلیہ کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے؟ بڑا سچ سامنے آگیا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button