کھیل

ناگپور ٹیسٹ، بھارتی سپنر جدیجا کا جادو،آسٹریلیا کو عبرتناک شکست

روی چندرن ایشون کی پانچ وکٹیں ' رویندرا جدیجا کو میچ میں 7 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 70 رنز کی اننگز کھیلے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

ناگپور(این این آئی) بھارت نے اسپنرز بالخصوص رویندرا جدیجا کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 132 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0ـ1 کی برتری حاصل کر لی۔

تفصیلا ت کے مطابق ناگپور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔محض دو رنز پر دونوں اوپنرز گنوانے کے بعد مارنس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ نے اپنے تمام تر تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے 82 رنز کی ساجھے داری قائم کی جو میچ میں آسٹریلیا کی سب سے بڑی شراکت ثابت ہوئی، دونوں کھلاڑی بالترتیب 49 اور 39 رنز بنانے کے بعد جدیجا کی وکٹ بن گئے۔پیٹر ہینڈزکومب اور ایلکس کیری نے بھی 53 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 31 اور 36 رنز بنانے کے بعد وہ بھی پویلین لوٹ گئے اور یوں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 177 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 47 رنز کے عوض پانچ جبکہ روی چندرن ایشون نے تین وکٹیں لیں۔بھارت نے اننگز کا آغاز کیا اوپنرز روہت شرما اور لوکیش راہْل نے ٹیم کو 76 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن راہْل 20 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔اس کے بعد ایک اینڈ سے بلے باز ایک ایک کر کے پویلین لوٹتے رہے تاہم کپتان روہت نے ڈٹ کر مہمان باؤلرز بالخصوصی ٹوڈ مرفی کا مقابلہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی، وہ 120 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔جب سریکار بھرت 8 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تو بھارتی ٹیم 240رنز پر 8 وکٹیں گنوا چکی تھی اور ایسا لگتا تھا کہ شاید وہ پہلی اننگز میں بڑی لیڈ نہیں لے سکیں گے تاہم جدیجا اور اکشر پٹیل نے آسٹریلیا کے ارمانوں کو خاک میں ملا دیا۔دونوں اسپن آل راؤنڈرز نے آٹھویں وکٹ کے لیے 88 رنز کی ساجھے داری قائم کی اور اپنی ٹیم کی پوزیشن کو میچ میں مزید مستحکم کردیا، جدیجا 70 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔اکشر پٹیل نے 84 رنز کی اننگز کھیلی اور 37 رنز بنانے والے شامی کے ہمراہ مزید 52 رنز جوڑے۔بھارت کی پوری ٹیم 400 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 223 رنز کی بھاری برتری حاصل کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے ٹوڈ مرفی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 124 رنز کے عوض 7 وکٹیں لیں۔آسٹریلیا کی دوسری اننگز پہلی اننگز سے بھی زیادہ ڈرانا خواب ثابت ہوئی اور تمام بلے باز بھارتی باؤلرز بالخصوص اسپنرز کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے۔اسٹیو اسمتھ 25 اور لوبشین 17 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم محض 91 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور یوں میچ تیسرے ہی دن اختتام پذیر ہو گیا۔بھارت نے میچ میں اننگز اور 132 رنز سے فتح سمیٹنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 0ـ1 کی برتری حاصل کر لی۔بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں ایشون نے پانچ جبکہ جدیجا اور شامی نے دو، دو وکٹیں لیں۔رویندرا جدیجا کو میچ میں 7 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 70 رنز کی اننگز کھیلے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

شوکت ترین نے وزیراعظم شہباز شریف کو بڑی مشکل میں پھنسا دیا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button