کھیل

پی ایس ایل 8 کا افتتاحی میچ، لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو پچھاڑ دیا

لاہور قلندرز کے 176 رنز ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 174 رنز بناسکی

ملتان(کھوج نیوز ‘ مانیٹرنگ ڈیسک) پی ایس ایل 8 کا افتتاحی میچ، لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو پچھاڑ دیا ‘ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 174 رنز بناسکی، ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان 75 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شان مسعود 100 کے مجموعے پر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری جانب محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی لیکن پھر وہ 75 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ ملر 20 گیندوں پر 25 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ پولارڈ بھی 12 گیندوں پر 20 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے تاہم میچ کے اختتامی مراحل میں خوشدل شاہ نے کچھ مزاحمت کی ۔ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کو آخری گیند پر 6 رنز درکار تھے، خوشدل شاہ نے زمان خان کی گیند پر شاٹ مارا لیکن وہ چوکا ہوگیا، یوں قلندرز نے سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین، حارث، زمان اورحسین طلعت نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں لاہور قلندرز نے 6 وکٹوں پر 175 رنز بنائے تھے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور طاہر بیگ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 61 کے مجموعی اسکور پر طاہر بیگ 32 رنز بنا کر آٹ ہو گئے۔ فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی پہلی ففٹی اسکور کی اور وہ 66 رنز بنا کر اسامہ میر کا شکار بنے جبکہ شائی ہوپ 19 اور کامران غلام 3 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ حسین طلعت 20 رنز بنا کر آٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 19 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔ لاہور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا سکی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور احسان اللہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایک ایک وکٹ عقیل حسین اور شاہنواز دھانی کے حصے میں آئی۔ قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

نیوزی لینڈ میں خوفناک طوفان، ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button