ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی:پاکستان نے جاپان کو شکست دیکر پہلی کامیابی حاصل کر لی
اگلا میچ 12 ستمبر کو چین کے خلاف جبکہ 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف کھیلا جائے گا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں بدھ کو پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں جاپان کو 1-2 سے شکست دے دی۔جاپان کے خلاف میچ کے پہلے ہی کوارٹر میں پاکستان کے ندیم احمد نے گول اسکور کرکے پاکستان کو برتری دلادی تھی مگر دوسرے کوارٹر میں جاپان نے مقابلہ برابر کردیا تھا۔لیکن پاکستان نے پھر واپسی کی اور دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے ایک اور گول اسکور کردیا جو پاکستان کی جیت کی ضمانت ثابت ہوا۔اس سے قبل پاکستان چیمپیئنز ٹرافی میں 2 میچ کھیل چکا ہے۔
8 ستمبر کو ملائشیا کے خلاف میچ کھیلا گیا جو 2-2 سے برابر ہوا جبکہ 9 ستمبر کو جنوبی کوریا کے خلاف مقابلہ ہوا اور وہ بھی 2-2 سے ہی برابر رہا تھا۔واضح رہے کہ دونوں ہی میچوں میں پاکستان کو برتری حاصل تھی مگر آخری لمحات میں اپنی برتری کھو دی اور یوں دونوں ہی مقابلے برابر رہے۔پاکستان کا ایونٹ میں اگلا میچ 12 ستمبر کو چین کے خلاف ہے جبکہ 14 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم مقابلہ بھی کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 8 ستمبر کو ہوا تھا جس کے دوران 6 ٹیمیں رانڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی جس کے بعد ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔سیمی فائنلز 16 ستمبر کو شیڈول ہیں جبکہ تیسری پوزیشن کا پلے آف میچ اور فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔



