فخر زمان کو سینٹرل کنٹریکٹ کیوں نہ ملا؟ چیئرمین پی سی بی نے اندر کی بات بتا دی
فخر کا فٹنس ٹیسٹ بھی پاس نہیں ہوا، انہیں شوکاز جاری کیا گیا ہے اس کا مسئلہ بھی ہے، یہ نہیں ہوسکتا سلیکشن کمیٹی کسی کوشامل نہ کرے تو آپ ٹوئٹ شروع کردیں

لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے اوپننگ بیٹر فخر زمان کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے اندر کی بات بتا کر سب کو حیران و پریشان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے محمد رضوان کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان جب کہ سلمان علی آغا کو نائب کپتان بنانے کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی پی سی بی کی جانب سے 25 قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی گئی جس میں فخر سمیت پاکستان کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی شامل نہیں کیے گئے۔ انہوںنے جواب میں کہا کہ فخر زمان کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ کا مسئلہ بھی ہے جو ابھی التوا کا شکار ہے لیکن زیادہ مسئلہ ان کی فٹنس کا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فخر کا فٹنس ٹیسٹ بھی پاس نہیں ہوا، انہیں شوکاز جاری کیا گیا ہے اس کا مسئلہ بھی ہے، یہ نہیں ہوسکتا سلیکشن کمیٹی کسی کوشامل نہ کرے تو آپ ٹوئٹ شروع کردیں۔