چیمپئنزٹرافی 2025: سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے ناقابل یقین وجہ سامنے رکھ دی
آکاش چوپڑا کا کہنا ہےکہ بھارت کے بغیر چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔

نیو دہلی( سپورٹس ڈیسک)آکاش چوپڑا کا کہنا ہےکہ بھارت کے بغیر چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ یہ تبصرہ اُس وقت آیا جب بھارت کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ بھارت آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اتوار کو اعلان کیا کہ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے ایک ای میل موصول ہوئی ہے جس میں بھارت کی پاکستان جانے سے انکار کی اطلاع دی گئی ہے۔سیاسی کشیدگی کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی آئی سی سی کو آگاہ کر دیا تھا کہ بھارت اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتا، جس کے بعد پی سی بی کے پاس یہ آپشن تھا کہ وہ ایونٹ کو ہائبرڈ ماڈل میں منعقد کرے۔ تاہم پی سی بی کے چیئرمین محمد مسیح نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے بغیر چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔آکاش چوپڑا نے کہا، "یہ ایک آئی سی سی ایونٹ ہے اور براڈکاسٹرز نے اس ایونٹ کے لیے پیسہ لگایا ہے، لیکن ہمیشہ یہ شرط ہوتی ہے کہ اگر آئی سی سی بھارت کی شرکت کو یقینی نہیں بنا سکتا تو براڈکاسٹرز پیسہ نہیں لگائیں گے یا مالی طور پر اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ بھارت کے بغیر اس ایونٹ کی مالی قدر بہت کم ہو جائے گی۔”انہوں نے مزید کہا، "پی سی بی یہ حقیقت جانتا ہے کہ اگر بھارتی حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت نہ دی تو بھارت نہیں آئے گا اور چیمپئنز ٹرافی بھارت کے بغیر نہیں ہو سکتی۔”
پاکستان نے گزشتہ سال بھارت کا دورہ کیا تھا، اور پی سی بی کو امید تھی کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت بھی پاکستان کا دورہ کرے گا، تاہم موجودہ صورتحال میں ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا۔