چیمپئنز ٹرافی، بھارتی ہٹ دھرمی، سیاست کے بعد امریکا کی کھیلوں میں مداخلت، مودی سرکار کو لینے کے دینے پڑ گئے
چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے پاکستان نہ آنے پر بضد بھارت کی ہٹ دھرمی پر امریکا نے بھی اپنا مؤقف پیش کردیا

واشنگٹن (سپورٹس ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے پاکستان نہ آنے پر بضد بھارت کی ہٹ دھرمی پر امریکا نے بھی اپنا مؤقف پیش کردیا۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ امریکا کھیلوں کی سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے۔ویدانت پٹیل نے کہا کہ کھیل ملکوں کو جوڑنے کا ذریعہ ہوتے ہیں، پاکستان اور بھارت دونوں باہمی تعلقات پر بات کر سکتے ہیں۔اپنی پریس بریفنگ میں امریکی ترجمان نے 9 نومبر کو بلوچستان میں ہوئے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ویدانت پٹیل نے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان ہمارا شراکت دار ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔واضح رہے کہ ‘آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025’ کا انعقاد آئندہ برس 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے تاہم بھارت کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان آنے سے انکار کے بعد آئی سی سی نے تاحال حتمی شیڈول کا اعلان نہیں کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی اپنے مؤقف پر ڈٹا ہوا ہے جس کے بعد آئی سی سی میں بھی کھلبلی مچ گئی ہےکیونکہ انہیں اندازہ ہے کہ یہ ڈیڈلاک کس طرح انٹرنیشنل کرکٹ کو متاثر کرسکتا ہے ۔
بھارت کو آئندہ برس ویمن ورلڈ کپ، سال 2026 میں ٹی 20 ورلڈ کپ، سال 2029 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور سال 2031 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے۔چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی عدم شرکت کے بدلے پاکستان کا بھی اِن آئی سی سی ایونٹس سے دستبردار ہونا براڈ کاسٹنگ ریونیو پر خاصہ اثر ڈالے گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل2027ء تک منعقد ہونے والے کرکٹ مقابلوں کے نشریاتی حقوق 3.2 ارب ڈالرز میں فروخت کرچکی ہے۔حکومتِ پاکستان کی موجودہ سخت پوزیشن کے بعد آئی سی سی میں تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر یہ تنازع بروقت حل نہ ہوا تو مستقبل کے ایونٹس اور ان کی کامیابی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔