چیمپئنز ٹرافی:بھارت کو فائدہ پہنچانے کا کھیل،برطانوی اخبار نے اصلیت بے نقاب کر دی
کھیل میں بھارتی اثر و رسوخ کی مثال کھیلوں کی دنیا میں نہیں ملتی،برطانوی اخبار

برطانیہ ( سپورٹس ڈیسک )برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو فائدہ پہنچانے کے لیے کھیل کی ساکھ کو قربان کیا گیا۔ بھارت اپنی طاقت سے پاکستان کو فائنل کی میزبانی سے روک رہا ہے، کھیل میں بھارتی اثر و رسوخ کی مثال کھیلوں کی دنیا میں نہیں ملتی۔اخبار کے مطابق یہ سب مکمل طور پر رسوائی ہے، چیمپئنز ٹرافی کے 2 وینیوز پاکستان اور یو اے ای رکھے گئے ہیں، جبکہ فائنل لاہور میں شیڈول ہے تاہم انڈیا پہنچا تو فائنل یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔
فائنل کے وینیو کا 4 مارچ تک یعنی 5 روز پہلے تک علم ہی نہیں ہوگا کہ فائنل کہاں پر ہو گا۔پاکستان کو 2021 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی 15 میچز کے ساتھ ایوارڈ ہوئی تب انڈیا کے لیے یہ سہولت نہیں رکھی گئی تھی کہ وہ میچز دوسرے ملک میں کھیلے گا۔ایونٹ کے 7 ممالک کو یہ نہیں پتہ کہ وہ ناک آوٹ میچ کہاں کھیلیں گے، صرف انڈیا اکیلے کو پتہ ہے کہ وہ سیمی فائنل اور فائنل کہاں کھیلے گا۔
آئی سی سی کے ایونٹس میں بھارتی مفادات کے لیے کھیل کی ساکھ کو قربان کرنے کا سلسلہ جاری رہتا ہے، 2019 کے ورلڈ کپ میں انڈیا نے ٹورنامنٹ شروع ہونے کے 8 روز تک کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ ساوتھ افریقا تیسرا میچ کھیل رہا تھا۔
انڈیا کے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ورلڈ کپ میں آخری میچز کمزور حریفوں کے خلاف رکھے گئے، رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ پوزیشن کا خیال رکھے بغیر انڈیا کا سیمی فائنل گیانا میں رکھا گیا۔چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا کو ایک ملک کی کنڈیشنز کے مطابق اسکواڈ بنانا ہوگا جبکہ دیگر 7 ٹیموں کو اسکواڈ کے لیے دو ممالک کی کنڈیشنز کو دیکھنا ہوگا۔