نیراج چوپڑا کا ارشد ندیم کو خصوصی پیغام ،کیا ہونے جا رہا ہے ؟
بھارت پہلی بار بین الاقوامی سطح پر جیولن تھرو کا بڑا مقابلہ منعقد کرنے جا رہا ہے، جو اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیراج چوپڑا کے نام سے منسوب ہوگا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)بھارت پہلی بار بین الاقوامی سطح پر جیولن تھرو کا بڑا مقابلہ منعقد کرنے جا رہا ہے، جو اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیراج چوپڑا کے نام سے منسوب ہوگا۔ اس ایونٹ میں دنیا بھر سے مشہور ایتھلیٹس شرکت کریں گے، جو بھارت میں اس کھیل کے لیے ایک بڑا سنگ میل ہوگا۔
سب سے خاص بات یہ ہے کہ نیراج چوپڑا نے پاکستان کے نامور جیولن تھرو چیمپئن اور پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو بھی ذاتی طور پر دعوت دی ہے۔ ارشد اس وقت اپنے کوچ کے ساتھ مشورہ کر رہے ہیں اور سرکاری منظوری کے منتظر ہیں۔ نیراج نے کہا ہے کہ وہ دل سے چاہتے ہیں کہ ارشد اس ایونٹ میں شریک ہوں۔
یہ مقابلہ پہلے پنچکولہ میں ہونا تھا، لیکن انتظامی وجوہات کی بنا پر اب بنگلورو منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں کھلاڑیوں اور منتظمین کے لیے بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔اگر ارشد ندیم اس دعوت کو قبول کرتے ہیں تو یہ پاک بھارت تعلقات میں کھیلوں کے ذریعے ایک خوشگوار موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔ برسوں بعد دونوں ملکوں کے ایتھلیٹس کسی غیر کرکٹ ایونٹ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔