پی ایس ایل سے متعلق سر ویورچرڈز کا بڑا انکشاف
سر ویو رچرڈز نے اعتراف کیا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل)دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ ہے، لیکن انہیں سب سے زیادہ سکون اور مزہ پاکستان سپر لیگ میں آتا ہے

لاہور(سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بیٹر سر ویو رچرڈز نے اعتراف کیا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل)دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ ہے، لیکن انہیں سب سے زیادہ سکون اور مزہ پاکستان سپر لیگ میں آتا ہے۔
73 سالہ رچرڈز، جو اپنے دور میں جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور تھے، پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ بطور مینٹور آغاز سے جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کوئی شک نہیں کہ آئی پی ایل سب سے بڑی لیگ ہے۔ میں نے زیادہ وقت پی ایس ایل میں گزارا ہے لیکن مانتا ہوں کہ آئی پی ایل کی سطح بہت بلند ہے، جہاں دنیا بھر کے بڑے کھلاڑی موجود ہوتے ہیں۔ویو رچرڈز نے اپنی کرکٹ کے دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ آج کے دور میں ہوتے تو موجودہ T20 طرز میں مزید خطرناک بلے باز ثابت ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے شروع سے ہی بولرز پر حاوی ہونے کا شوق تھا، اور موجودہ دور کا کھیل میرے انداز کے لیے بہترین ہے ۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ سفید گیند کی کرکٹ بلے بازوں کے لیے زیادہ سازگار ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بیٹرز کے حق میں ہے۔ لوگ چھکے چوکے دیکھنے آتے ہیں، لیکن اس کے باوجود مقابلہ ہونا چاہیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اپنے سفر کے بارے میں ویو نے کہا دس سال پہلے جب میں پہلی بار ٹیم سے ملا تو ماحول بہت دوستانہ اور آرام دہ تھا، اور آج بھی ویسا ہی ہے۔ ہم نے اچھے اور مشکل دونوں وقت ایک ساتھ گزارے ہیں۔
رچرڈز کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کی ٹیم ہر میچ کے ساتھ بہتر ہو رہی ہے۔ ہمارا مقصد ہر حال میں اچھی کارکردگی دکھانا ہے اور آخر کار ٹائٹل جیتنا۔ گزشتہ چند سالوں میں ہم کچھ پیچھے رہے، لیکن اب ہم اپنا پرانا انداز واپس لانا چاہتے ہیں۔