کھیل

پاکستان سپر لیگ کب اور کہاں ری شیڈول کی جارہی ہے ؟

پاکستان سپر لیگ پھر سے رنگ جمانے کو تیار ہے، ایونٹ کو ری شیڈول کرنے کیلیے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ پھر سے رنگ جمانے کو تیار ہے، ایونٹ کو ری شیڈول کرنے کیلیے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان سلطانز نے اپنا باقی بچنے والا ایک میچ مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ہی کھیلنے کا فیصلہ کرلیا، ٹیموں کو اپنے غیرملکی کھلاڑیوں کو واپس بلانے کی ہدایت پہلے ہی کی جا چکی ہے، کسی پر واپسی کیلیے دباو نہیں ڈالا جائے گا، عدم دستیاب پلیئرز کی جگہ ملکی اسٹارز سے ہی پر کی جائے گی۔ لیگ کے فائنل سمیت 8 میچز کے پاکستان میں ہی انعقاد کو یقینی بنایا جارہا ہے، تمام مقابلے ایک ہی وینیو پر بھی ہوسکتے ہیں۔

پی ایس ایل کا 10 واں ایڈیشن بھارت کی جانب سے جارحیت کی وجہ سے اس وقت ملتوی کیا گیا جب اس کا 27 واں میچ راولپنڈی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے ساتھ 8 مئی شیڈول تھا، اسی روز صبح کو اسٹیڈیم کی حدود میں بھارت کی جانب سے بھیجا گیا ایک ڈرون بھی گرکر تباہ ہوا تھا۔

معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کو معطل کردیا گیا، پہلے باقی 8 میچز دبئی میں منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا مگر پھر پی سی بی نے صورتحال اور حکومتی مشورے پر ٹورنامنٹ کو غیرمعینہ مدت کیلیے ملتوی کردیا تاہم بھارت کے ساتھ جنگ بندی کے بعد صورتحال میں بہتری پر اب پی ایس ایل کو ری شیڈول کرنے کیلیے مشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ملتان سلطانز کا صرف کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف میچ باقی ہے جس کے لیے انہوں نے غیرملکی کھلاڑیوں کو دوبارہ پاکستان مدعو نہ کرنے کے حوالے سے پی سی بی منتظمین کو آگاہ کردیا ہے۔ ملتان سلطانز کا موقف ہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی موجودگی یا عدم موجودگی سے ان کو اب کوئی فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ وہ پہلے ہی پلے آف مرحلے سے باہر ہوچکے ہیں تاہم وہ آخری میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی حکام پی ایس ایل کو جلد سے جلد ری شیڈول کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت میں مصروف ہیں تاکہ اس لیگ کو مکمل کیا جاسکے، لیگ میں فائنل سمیت 8 میچز کو پاکستان میں ہی یقینی بنایا جارہاہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button