کیرالا کیمیونٹی کے ایونٹ میں شاہد آفریدی اور عمر گل کی شرکت،بھارت میں کہرام مچ گیا
بھارتی شہری نہ صرف شاہد آفریدی سے ہاتھ ملانے کو بے تاب نظر آئے بلکہ ان کے لیے تالیاں بجائیں اور نعرے بھی لگائے

دوبئی(سپورٹس ڈیسک) کیرالا کیمیونٹی کے ایونٹ میں شاہد آفریدی اور عمر گل کی شرکت،بھارت میں کہرام مچ گیا. دبئی میں بھارت کی کیرالا کمیونٹی کے ایونٹ میں مایہ ناز سابق پاکستانی کرکٹرز شاہد آفریدی اور عمر گل کی شرکت پر بھارت میں ہلچل مچ گئی۔سوشل میڈیا پر وائرل اس ایونٹ کی ویڈیو میں کیرالا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بھارتی شہری نہ صرف شاہد آفریدی سے ہاتھ ملانے کو بے تاب نظر آئے بلکہ ان کے لیے تالیاں بجائیں اور نعرے بھی لگائے۔ایونٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہنگامہ برپا ہوگیا، پاکستان سے نفرت میں ڈوبے انتہاپسند بھارتیوں نے کیرالا کمیونٹی کے ساتھ ساتھ ایونٹ کے منتظمین کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا جس پر بالآخر منتظمین کو وضاحت جاری کرنی پڑگئی۔
یہ ایونٹ دراصل 25 مئی 2025 کو پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (PAD) میں ‘اورماچووڈوکل سیزن 2’ کے نام سے مختلف یونیورسٹیز کے مابین رقص کے مقابلے کے لیے منعقد کیا گیا تھا، جس کا اہتمام کوشین یونیورسٹی بی ٹیک ایلمنائی ایسوسی ایشن (CUBAA) نے کیا تھا۔تقریب کے دوران جب شاہد آفریدی اسٹیج پر پہنچے تو ایونٹ میں موجود شرکا نے ان کا شاندار استقبال کیا اور ‘بوم بوم’ کے نعرے بھی لگائے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور بعض بھارتی حلقوں کی جانب سے تنقید کے بعد CUBAA نے ایک باضابطہ اعلامیہ جاری کیا۔اپنی وضاحت میں CUBAA نے دعوی کیا کہ شاہد آفریدی اور عمر گل کو انہوں نے مدعو نہیں کیا تھا۔ان کے مطابق یہ دونوں سابق کرکٹرز اسی دن اسی مقام پر ایک الگ تقریب کے سلسلے میں موجود تھے، جس کا مقصد ہینڈ پرنٹس سے متحدہ عرب امارات کا دنیا کا سب سے بڑا پرچم بنانے کا عالمی ریکارڈ بنانا تھا۔
منتظمین نے مزید وضاحت کی کہ PAD دبئی کا مقام انہوں نے 5 اپریل کو ہی بک کر لیا تھا، یعنی اس وقت جب بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ سفارتی کشیدگی نہیں تھی۔بیان کے مطابق ‘ہم نے سیزن 1 کی طرح اس بار بھی اسی جگہ کا انتخاب اس کی کم لاگت کی وجہ سے کیا، جب تک ہمارا ایونٹ قریب آیا، تب تک دونوں ممالک کے مابین کشیدگی میں کمی آچکی تھی اور مختصر نوٹس پر متبادل جگہ دستیاب نہیں تھی، اس لیے ہم نے تقریب کو منصوبے کے مطابق جاری رکھا’۔
منتظمین کے مطابق شاہد آفریدی اور عمر گل کی آمد بغیر اطلاع اور بغیر دعوت کے ہوئی، ہماری ٹیم، آفیشلز یا ایلمنائی کے کسی رکن نے ان سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی ان کی آمد کا کوئی شیڈول میں ذکر تھا۔بیان میں کہا گیا کہ سابق پاکستانی کرکٹرز کی یہ اچانک آمد اتنی غیر متوقع تھی کہ منتظمین کے پاس کسی قسم کا فوری فیصلہ لینے کا موقع نہیں تھا۔
بیان کے اختتام پر منتظمین نے کہا کہ ‘ہم کسی بھی قسم کی تکلیف یا دل آزاری پر دل کی گہرائی سے افسوس کرتے ہیں، ہماری نیت کبھی بھی کسی کی دل آزاری یا تنازع پیدا کرنے کی نہیں تھی، اور ہم ان تمام افراد سے مخلصانہ معذرت خواہ ہیں جنہیں ہماری تقریب سے تکلیف پہنچی، ہم اپنی ثقافتی اور جامع اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں’۔