ٹیکنالوجی

کیا فیس بک اور انسٹاگرام بندہونے والے ہیں ؟میٹا نے بڑی دھمکی دے دی

میٹا اور نائجیریا کے درمیان صارفین کے ڈیٹا سے متعلق ایک بڑے تنازع نے سنگین شکل اختیار کر لی ہے

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کی سوشل میڈیا کمپنی میٹا اور نائجیریا کے درمیان صارفین کے ڈیٹا سے متعلق ایک بڑے تنازع نے سنگین شکل اختیار کر لی ہے۔ میٹا نے خبردار کیا ہے کہ اگر نائجیریا کی حکومت نے ڈیٹا قوانین کے تحت عائد 220 ملین ڈالر کا جرمانہ واپس نہ لیا تو وہ ملک میں فیس بک اور انسٹاگرام بند کر سکتی ہے۔

نائجیریا کی ایک ٹریبونل عدالت نے حال ہی میں میٹا کی اپیل مسترد کر دی، جس میں کمپنی نے وفاقی صارف تحفظ کمیشن(ایف سی سی پی سی)کی جانب سے عائد جرمانے کو چیلنج کیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، میٹا نے عدالت کو بتایا ہے کہ اگر نائجیریا میں فیصلے پر عمل درآمد ہوا تو کمپنی کو فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز بند کرنی پڑ سکتی ہیں تاکہ مزید کارروائی سے بچا جا سکے۔

میٹا کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم نائجیرین ڈیٹا پروٹیکشن کمیشن کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے کیونکہ فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کو اپنی معلومات پر کنٹرول دینے کے کئی طریقے فراہم کرتے ہیں۔ ہم صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور اس فیصلے کے خلاف اپیل کر چکے ہیں۔

نائجیریا کا الزام ہے کہ میٹا نے فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات کی خلاف ورزی کی ہے۔ واٹس ایپ کے ترجمان نے بھی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم میں حقائق کی غلط ترجمانی کی گئی ہے۔

ایف سی سی پی سی نے ہفتے کو میٹا کے موقف کو ایک منصوبہ بند کوشش قرار دیا جس کا مقصد عوامی دبا ؤکے ذریعے کمیشن کے فیصلے کو تبدیل کروانا ہے۔ اس نے یاد دلایا کہ میٹا کو بھارت، فرانس، جنوبی کوریا، آسٹریلیا اور ٹیکساس میں بھی ایسے الزامات کا سامنا رہا ہے، لیکن ان ممالک میں اس نے کبھی سروس بند کرنے کی دھمکی نہیں دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button