ایپل کا نئے آئی فونز متعارف کروانے کا سلسلہ تبدیل کرنے کا فیصلہ

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز متعارف کرانے کے برسوں پرانے سلسلے کو بدلنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس حوالے سے اس کے لئے منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کی جانب سے 2026 میں اسٹینڈرڈ آئی فون 18 پیش نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے بعد میں جاری کیا جائے گا تاکہ ملازمین پر دبا کم ہوسکے اور آمدنی میں اضافہ ہو۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2026 میں کمپنی کی جانب سے صرف آئی فون 18 پرو ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 2026 میں پرو ماڈلز کے ساتھ کمپنی کی جانب سے پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی پیش کیا جائے گا ۔ یہ فولڈ ایبل فون حالیہ برسوں میں کمپنی کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی اہم ترین ڈیوائس ہوگی۔
آئی فون 18 سیریز کے دیگر ماڈلز مارچ اور مئی 2027 کے درمیان کسی وقت متعارف کرائے جائیں گے۔ ان میں اسٹینڈرڈ آئی فون 18، 18 ائیر اور 18 ای شامل ہوں گے۔ برسوں سے ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز کو ستمبر میں ایک ایونٹ کے دوان پیش کیا جاتا ہے۔ البتہ ایس ای یا ای ورژنز کے آئی فونز کو سال کے شروع میں متعارف کرایا جاتا ہے۔ مختلف افواہوں کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون میں کیمرا ڈسپلے کے اندر نصب ہوگا جبکہ وہ بک اسٹائل کا ہوگا یعنی آپ ڈسپلے کو کسی کتاب کی طرح کھول یا بند کرسکیں گے۔ اسی طرح فولڈ ایبل آئی فون کی بیٹری بھی بہترین ہوگی اور یہ سب چیزیں سستی نہیں ہوں گی۔



