پاکستان

نوازشریف کا ننکانہ جلسے میں خطاب، مخالفین کو لینے کے دینے پڑ گئے

ہمارے مخالفین اور ملک دشمنوں کو ملکی ترقی اچھی نہیں لگی، اس لیے ہمیں 2017ء میں نکال دیا گیا، کیا ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والوں کو کوئی جیل میں ڈالتا ہے: نوازشریف

ننکانہ صاحب( کھوج نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے ننکانہ جلسہ میں ایسا خطاب کیا کہ تمام مخالفین کو لینے کے دینے پڑ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عوام سے پیار کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ننکانہ صاحب عجیب منظرپیش کررہا ہے، کیا آپ نے پہلے کبھی ایسا منظردیکھا تھا، آج سردی میں لوگ جلسے میں آئے ہیں، مجھے جلسے میں آئے لوگوں پر پیار آرہا ہے اور دل چاہتا ہے کہ ان کے ماتھے چوموں، یہ بڑے پیارے لوگ ہیں۔

نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد سے پشاور موٹروے، پھر مانسہرہ موٹروے، پھر کراچی موٹروے، گوادر بندرگار، ایئرپورٹ بنائے، نتیجتا ہمیں جیل میں ڈال دیا گیا، ملک بدر کردیا گیا، کیا ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والوں کو جیل میں ڈالا جاتا ہے، کیا آج کا پاکستان نواز شریف کے 2017 کے پاکستان سے بہتر ہے، جب نواز شریف چلا گیا تو روٹی چار روپے سے 20روپے پر چلی گئی، دیکھیں کہ ڈالر کا ریٹ کہاں سے کہاں چلا گیا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے ہتھکڑیاں پہنا کر جیل میں ڈالا گیا، بتائیں نوازشریف نے کس سے دشمنی کی؟ قوم کو تباہ کردیا، یوٹرن پر یوٹرن لیا گیا، ہمارا کام جھوٹ بولنا نہیں، قوم کی خدمت ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے ننکانہ صاحب میں اسٹیڈیم بنانے کا بھی اعلان کردیا۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ یہ موٹروے ہم نے 2017 میں مکمل کرلی تھی، یہ موٹروے ملتان جارہی ہے اور ملتان سے آگے سکھر جارہی ہے، اگر ہماری حکومت رہتی تو یہ موٹروے سکھر سے کراچی پہنچ چکی ہوتی، لیکن اس ملک کے مخالفین اور دشمنوں نے ہمیں موقع نہیں دیا کیوں کہ ان کو ملک کی ترقی اچھی نہیں لگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری ہمت نہیں ٹوٹی ہے اور الحمدللہ اب بھی جواں ہے، مخالفین کی نواز شریف سے دشمنی یہ تھی کہ اس نے لوڈ شیڈنگ ختم کردی تھی، ہمارے دور میں بجلی سستی تھی، دہشت گردی ہم نے ختم کی اور کراچی کا امن بحال کیا، ہمارے زمانے میں روپے کی روٹی، پچاس روپے کلو چینی ملتی تھی، نوجوانوں کو روزگار کس کے دور میں مل رہا تھا، پشاور، مانسہرہ اور کراچی کی موٹروے کو کس نے بنایا؟ نواز شریف نے کہا کہ میں نے ننکانہ صاحب ہیلی کاپٹر سے آنا تھا، ہم دھند کم ہونے کا انتظار کررہے تھے، لاہور میں بھی دھند تھی اور یہاں بھی، ہم کار سے آئے تو میرا موٹروے سے آنے کا شوق پورا ہوگیا، آج پہلی بار لاہور سے ننکانہ صاحب بذریعہ موٹروے آیا ہوں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button