پاکستان

پولیس شہداء کیلئے نئے گھروں کی خریداری ، آئی جی پنجاب نے منظوری دیدی

آئی جی پنجاب نے لاہو ر پولیس کے 2 شہداء کی کیلئے نئے گھروں کی خریداری کیلئے ساڑھے تین کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی

لاہور (آن لائن) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس شہداء کے لواحقین اور دوران ڈیوٹی مختلف واقعات میں زخمی ہونے والے غازیوں کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں ، اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب نے 2 شہداء کی فیملیزکے نئے گھروں کی خریداری کیلئے ساڑھے تین کروڑ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نارووال پولیس کے شہید سب انسپکٹر محمد سلیمان اور قصور پولیس کے اے ایس آئی محمد اکبر کے شہید کے لواحقین کو نئے گھر دئیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق آر پی او گوجرانوالہ اور آر پی او شیخوپورہ نے ڈیپارٹمنٹل سکرونٹی کمیٹی کی جانب سے شہداء کے گھروں کی خریداری کیلئے فنانس برانچ میں سمری بھجوائی تھی جس پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر برانچ کی زیر نگرانی ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اور ڈی آئی جی ویلفیئر پر مشتمل سنٹرل پولیس آفس پنجاب کی مرکزی کمیٹی نے دونوں کیسز کا بغور جائزہ لیا اور اپنی سفارشات آئی جی پنجاب کو پیش کیں جس کی روشنی میں دونوں شہداء کی فیملیز کیلئے نئے گھر خریدنے کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا کی زیر نگرانی کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب پولیس کے 10غازیوں کی طبی علاج و مالی امداد کیلئے50لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ مذکورہ رقم خانیوال، ڈی جی خان، وہاڑی، گجرات اور فیصل آباد پولیس کے غازیوں کومیڈیکل اخراجات کیلئے دی جائے گی جو گذشتہ چند برسوں کے دوران پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران مختلف واقعات میں زخمی ہوئے تھے ۔

خانیوال کے زخمی کانسٹیبل محمد اقبال کو 10لاکھ، ڈی جی خان کے کانسٹیبل سبطین عابدکو اڑھائی لاکھ اورڈرائیور کانسٹیبل محمد تنویر کو 3لاکھ، وہاڑی کے سب انسپکٹر جاوید اقبال کو 8لاکھ50ہزار،سب انسپکٹرعدنان جمیل ،ٹی ایس آئی محمد طاہر،اے ایس آئی محمد اقبال ،اے ایس آئی عبدالرحمان اورایلیٹ کے کانسٹیبل خرم شہزاد کو فی کس ایک لاکھ، گجرات پولیس کے اے ایس آئی یاسر ندیم ، کانسٹیبل حامد فاروق کو پانچ لاکھ فی کس ، ڈرائیور کانسٹیبل عادل حسین کو اڑھائی لاکھ جبکہ فیصل آباد کے کانسٹیبلان مظہر حسین اور احسان رفیق کو پانچ لاکھ روپے فی کس دینے کی منظوری دی گئی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے شہداء کے لواحقین اور غازیوں کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جار ی رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ آرپی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز شہداء کی فیملیزاور غازیوں کی دیکھ بھال کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہداء کے بچوں کی اعلی تعلیم اور غازیوں کے بہترین علاج اور بحالی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے اور شہداء کی فیملیز اور غازیوں کو ہر ممکن ریلیف اور معاونت فراہم کی جائے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button