عالمی سطح پر پاکستان پولیس کی بڑی کامیابی پہلی پوزیشن حاصل کرلی
دبئی میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمٹ 2025 میں پاکستان کی پولیس فورس نے عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کر لی ہے

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )دبئی میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمٹ 2025 میں پاکستان کی پولیس فورس نے عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کر لی ہے، جہاں اے ایس پی انعم شیر خان نے "کرمنل انویسٹی گیشن میں مہارت” کے شعبے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر دیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ اعزاز دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں اے ایس پی انعم شیر خان کو دیا گیا۔ انہیں یہ ایوارڈ دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف نے پیش کیا۔دنیا بھر کے 192 ممالک کے پولیس افسران کی کارکردگی کو مختلف شعبہ جات میں جانچا گیا، جن میں انعم شیر خان نے اپنے پیشہ ورانہ طرز عمل اور مہارت سے عالمی جیوری کو متاثر کیا اور سب سے اعلی اعزاز اپنے نام کیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ورلڈ پولیس سمٹ دنیا کا سب سے بڑا اور پیشہ ورانہ پلیٹ فارم ہے جو ہر سال پولیس افسران کی قیادت، جدید طریقہ کار اور کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہتا ہے۔
اس سال سخت جانچ اور انٹرویوز کے بعد پنجاب پولیس کے دو افسران کو بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا۔ دوسرا اعزاز ڈی پی او قصور محمد عیسی خان کو "پولیسنگ میں مصنوعی ذہانت کے بہترین استعمال” کے شعبے میں دوسری پوزیشن کی صورت میں حاصل ہوا، جو ان کی جدید انداز میں پولیسنگ میں مہارت کا ثبوت ہے۔
یہ اعزازات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان کی پولیس فورس عالمی معیار پر پورا اترتی ہے اور ملک کا مثبت تشخص ابھارنے میں پیش پیش ہے۔