طلباء کیلئے بڑی خوشخبری، پاکستان اور بنگلا دیش میں بڑا تعلیمی معاہدہ

کراچی (کھوج نیوز) طلباء کے لئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے کیونکہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان بڑا تعلیمی معاہدہ طے پا گیا ہے ، اس تعلیمی معاہدے سے کیا فائدہ ہوگا؟ تفصیل آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع ایچ ای سی نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں 500 بنگلادیشی طلبا کو پاکستانی جامعات میں داخلے فراہم ہوں گے، طلباء کو مختلف شہروں میں مختلف یونیورسٹیز میں داخلے دیے جائیں گے۔ ذرائع ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے طلباء پاکستان میں اسکالرشپ پر اعلی تعلیم حاصل کرسکیں گے، طلباء کو انڈرگریجویشن پروگرام میں فلی فنڈڈ داخلے دیئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان،بنگلادیش کے درمیان اسکالرشپ کو علامہ اقبال کے نام سے منسوب کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ داخلوں کے لیے بنگلادیشی طلبا کی بڑی تعداد نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی تھی، ایچ ای سی کے تحت انٹری ٹیسٹ چٹاکانگ، ڈھاکا، راج شاہی میں منعقد کیے گئے تھے۔ ذرائع ایچ ای سی کے مطابق انٹری ٹیسٹ کے موقع پر بنگلادیشی نوجوانوں نے پاکستانی حکام کا گرمجوشی سے استقبال کیا، نوجوانوں نے پاکستانی حکام کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں تھیں۔



