بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: وزیراعلیٰ بلوچستان کا دعویٰ

کوئٹہ (کھوج نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیاہے کہ بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، شہداء کے لواحقین سے وعدہ ہے کہ خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور سی ٹی ڈی کے فوری اور مؤثرردعمل پر بہادر جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گرد عناصرکے خلاف بروقت رسپانس قابل ستائش ہے، ریاست دشمن عناصر کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، بلوچستان میں امن پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صبح فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، بلوچستان پولیساور ایف سی کے جوانوں نے دہشت گردوں کے تمام حملے ناکام بنادیے، ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، 12 ماہ میں بلوچستان میں 700 سے زائد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا، دو روز میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 70 دہشت گرد ماریگئے۔



