عمران خان کے آنکھوں کی بینائی کتنی ہے؟ میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے آنکھوں کی بینائی کتنی ہے؟ اس حوالے سے ڈاکٹروں کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ہے جس میں حیران کن انکشاف کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیکل رپورٹ کے مطابق عمران خان کے صحت کا معائنہ کرنے کے لیے 2 رکنی میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا معائنہ 15 فروری 2026ء کو کیا گیا، پروفیسرز پر مشتمل ماہر امراضِ چشم کے میڈیکل بورڈ نے مائنہ کیا، میڈیکل بورڈ میں الشفا ٹرسٹ آئی اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اورپمز اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی عینک کے بغیر 6/24 پارشل ریکارڈ ہوئی جبکہ بائیں آنکھ کی بینائی 6/9ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق عینک کے ساتھ دائیں آنکھ کی بینائی بہتر ہو کر 6/9پارشل ہوگئی جبکہ بائیں آنکھ کی بینائی مکمل طور پر 6/6ہوگئی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دائیں آنکھ کے معائنے میں پردہ بصارت پر سوزش کے آثار پائے گئے ہیں، دائیں آنکھ کی سوجن میں کمی آئی ہے، دائیں آنکھ کی موٹائی 550 سے کم ہو کر 350 ہوگئی جو بہتری کی علامت ہے۔
رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ نے دونوں آنکھوں کے لیے نیواناک اور سسٹین الٹرا ڈراپس تجویز کیے جبکہ صرف دائیں آنکھ کے لئے کوسوپٹ آئی ڈراپس تجویز کیے گئے۔ میڈیکل رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 6/36 سے بہتر ہو کر 6/9 پارشل ہو گئی جو اس مرحلے پر کافی اچھی بینائی ہے ، ماہرین نے اینٹی وی ای جی ایف علاج کی تکمیل کے بعد او سی ٹی اینجیو گرافی اور ایف ایف اے ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا۔



