سندھ کے 16اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کب ہونگے؟ شیڈول جاری

کراچی (کھوج نیوز) سندھ کے 16 اضلاع میں خالی ہونے والی 45 مختلف نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے ؟ اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان الیکشن کمشنر سندھ نے بتایا ہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات حیدرآباد، سکھر، ٹنڈوالہیار، جامشورو ، مٹیاری، دادو، نوشہروفیروز اور سانگھڑ میں ہوں گے۔ اس کے علاوہ گھوٹکی، خیرپور، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، جیکب آباد، کشمور اور شکارپور میں بھی ضمنی انتخابات ہوں گے۔ترجمان کے مطابق 30 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے، 4 مئی کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی اور انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے جب کہ 17 مئی کو پولنگ ہوگی جو صبح 8 سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شیڈول کے مطابق 2 اپریل کو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے، 6 سے 8 اپریل تک کاغذات نامزدگی وصول و جمع کروائے جاسکتے ہیں، 16 اپریل کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی اور 13 سے 15 اپریل تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔



