مشرقی وسطی کی کشیدہ صورتحال پر پاکستان کا کردار، سعودی سفیر نے تعریفوں کے پل باندھ دیئے

اسلام آباد(کھوج نیوز) مشرقی وسطی کی کشیدہ صورتحال پر پاکستان کے سفارتی کردار پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ناصرف تعریفوں کے پل باندھ دیئے بلکہ تمام کاوشوں کو سراہا بھی گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ملکوں پر حملے شدید تشویش کا باعث ہیں، جارحانہ اقدامات خود مختار ریاستوں کے خلاف بلاجواز جارحیت ہیں۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ دانشمندی اور عالمی یکجہتی ہی بحران پر قابو پانے کا ذریعہ ہے، ہم سب کے مستقبل کے تحفظ کیلئے عالمی قوانین کا احترام ضروری ہے۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ذمہ دارانہ مؤقف ، دانشمندانہ سفارت کاری کو سراہتے ہیں۔انسانی اصولوں پر قائم رہنا ہی امن و سلامتی کے تحفظ کا بہترین راستہ ہے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ حملے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، حملوں میں قیمتی جانی نقصان ہوا ہے، رہائشی علاقوں، شہری تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، خطے میں استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



