کیا اداکارہ حمائمہ ملک ایک ناکام شادی کے بعد پھر کسی پر دل ہار بیٹھی ہیں؟
ڈراما اور فلم انڈسٹری کی اداکارہ اور ماڈل حمائمہ ملک پہلی ناکام شادی کے بعد شاید اب ایک بار پھر کسی پر دل ہار بیٹھی ہیں جس کا ثبوت انکی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ ہے

کراچی(شوبز ڈیسک) کیا اداکارہ حمائمہ ملک ایک ناکام شادی کے بعد پھر کسی پر دل ہار بیٹھی ہیں؟رپورٹ کے مطابق پاکستانی ڈراما اور فلم انڈسٹری کی اداکارہ اور ماڈل حمائمہ ملک پہلی ناکام شادی کے بعد شاید اب ایک بار پھر کسی پر دل ہار بیٹھی ہیں جس کا ثبوت انکی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ ہے۔حمائمہ ملک کا شمار ان شخصیات میں کیا جاتا ہے جنہوں نے نہ صرف پاکستان میں اپنے فن کا لوہا منوایا بلکہ بھارت میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اگرچہ حمائمہ ملک پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں شادو نادر ہی نظر آئیں لیکن ان کو فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کے بعد کافی شہرت ملی۔صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے بھارتی اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ فلم راجا نٹورلال (2014) میں مرکزی کردار بھی ادا کیا۔تاہم اسی کے ساتھ حمائمہ ملک کی وجہ شہرت انکا انسٹاگرام اکانٹ بھی ہے جہاں وہ اپنی بولڈ ڈریسنگ اور لکس کی وجہ سے موضوع بحث بنی نظر آتی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی جس میں اداکارہ کو پیلی ٹی شرٹ اور اسکارف کیساتھ سبز اور پیلی چوڑیاں پہنے دیکھا گیا۔حمائمہ ملک نے اپنی ان تصاویر کے کیپشن میں لکھا، میں اس کی پسند تھی۔۔۔۔۔۔ ہوں اور ساتھ میں سرخ دل کے ایموجی کا استعمال کیا ہے۔اداکارہ کی جانب سے اس پراسرار پوسٹ اور کیپشن کا وائرل ہونا ہی تھا کہ سوشل میڈیا پر چہ مگوئیوں نے جنم لے لیا ہے۔کیونکہ گزشتہ سال نومبر میں حمائمہ کی جانب سے اسی طرح کی ایک پوسٹ انسٹاگرام اسٹوری سے سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے محبت میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا تھا۔
حمائمہ ملک نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ،میں دنیا کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ آخرکار میں محبت میں ہوں۔حالانکہ انہوں نے اس نئی محبت کے بارے میں کوئی تفصیل شیئر نہیں کی تھی، مگر ان کے انداز اور الفاظ سے واضح تھا کہ وہ ایک نئی محبت میں بہت خوش ہیں۔اور اب ایک بار پھر اس طرح کی مبہم پوسٹ منظر عام پر آنا کسی نئی کہانی کی جانب اشارہ دیتا معلوم ہورہا ہے۔