سابق اولمپیئن و منیجر قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید کا مستقبل ختم، تاحیات پابندی عائد
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے دوبارہ کمیٹی کی رپورٹ طلب کی ،کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اولمپیئن خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگائی گئی
لاہور (کھوج نیوز سپورٹس رپورٹر’ این این آئی )پاکستان ہاکی فیڈریشن( پی ایچ ایف) نے سابق اولمپیئن و منیجر قومی ہاکی ٹیم خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگا دی۔خواجہ جنید ایشیاکپ کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر تھے، ایشیا کپ میں جاپان کے خلاف میچ میں 12 کھلاڑیوں کو فیلڈ میں اتارنے کا واقع پیش آیا تھا، پاکستان گول ڈسکوالیفائی ہونے کی وجہ سے ورلڈکپ میں کوالیفائی نہ کرسکا تھا۔واقعہ کے بعد سابق سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے معاملے کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی، خواجہ جنید نے انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے قبل ہی استعفیٰ پیش کر دیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے دوبارہ کمیٹی کی رپورٹ طلب کی ،کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اولمپیئن خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگائی گئی۔پی ایچ ایف کے لیگل ایڈوائزر میاں علی اشفاق کا کہنا ہے کہ خواجہ جنید کی وجہ سے بہت جگ ہنسائی ہوئی، مس کنڈکٹ کیا گیاجس کی وجہ سے پاکستان ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہ کر سکا۔انہوں نے کہا کہ خواجہ جنید پر ایف آئی ایچ کے قوانین کے مطابق کارروائی کی گئی ہے، کمیٹی نے خواجہ جنید کو بلایا لیکن وہ نہیں آئے جس کے بعد خواجہ جنید پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے۔پی ایچ ایف کے صدر نے پابندی کی منظوری دے دی ہے، تاحیات پابندی کے باعث خواجہ جنید ہاکی کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
عمران حیدر کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، معجزانہ طور پر بچ گئے