پی سی بی کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بڑی تبدیلی کی تیاری
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)ایک بار پھر ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام میں بڑی تبدیلی پر غور کر رہا ہے

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)ایک بار پھر ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام میں بڑی تبدیلی پر غور کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ 18 ٹیموں کو کم کر کے صرف 9 پر لانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے تاکہ میچز کی تعداد کے بجائے معیار پر توجہ دی جا سکے۔
پی سی بی کے اعلی حکام موجودہ ڈومیسٹک نظام سے مطمئن نہیں ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ حالانکہ ریکارڈ تعداد میں میچز ہو رہے ہیں، لیکن کھیل کا معیار توقع کے مطابق نہیں۔
اصلاحات کے لیے بنائی گئی کمیٹی میں بلال افضل، سمیر سید، اور خواجہ ندیم شامل ہیں، جبکہ سابق کوچ عاقب جاوید اور وہاب ریاض بھی اس عمل کا حصہ ہیں۔ وہاب ریاض مبینہ طور پر اپنے قریبی دوست سلمان بٹ سے بھی مشورے لے رہے ہیں۔ کمیٹی کو پانچ دن میں اپنی رپورٹ چیئرمین پی سی بی کو پیش کرنی ہے۔ عاقب جاوید اس عمل میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔