فیفا ورلڈ کپ 2026ء جیتنے والی ٹیم کو انعامی رقم کتنی ملے گی؟

امریکا (سپورٹس ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کو کے اگلے ماہ شروع ہونے والا ہے اس ورلڈ کپ میں جیتنے والی ٹیم کو انعامی رقم کتنی ملے گی؟ اس حوالے سے رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق 11 جون 2026ء سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی اور ارجنٹینا کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ یعنی ٹیموں کے لحاظ سے یہ اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، اس سے قبل 2022ء میں 32 ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ اس سال کے ورلڈ کپ میں اردن، ازبکستان، کیپ وردے اور Curacao کی ٹیمیں اس ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار شرکت کر رہی ہیں۔
ٹیموں کے لحاظ سے ہی نہیں بلکہ انعامی رقم کے لحاظ سے بھی یہ اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ اس بار ایونٹ کے لیے فیفا نے 87 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص کی ہے جو کہ گزشتہ ایونٹ کے مقابلے میں لگ بھگ دوگنی زیادہ ہے۔ ایونٹ کی تیاری کے لیے ہر ٹیم کو 25 لاکھ جبکہ کوالیفائی کرنے پر ایک کروڑ ڈالرز ملیں گے، 2022ء میں تیاریوں کے لیے 15 لاکھ اور کوالیفائی کرنے پر 90 لاکھ ڈالرز دیئے گئے تھے۔
یعنی محض کوالیفائی کرنے پر ہی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم مل جائے گی جبکہ مزید رقم ان کی کارکردگی کے مطابق دی جائے گی۔ اس ایونٹ کے فاتح کو 5 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ 2022ء کی فاتح ٹیم ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز دیے گئے تھے جبکہ 2026ء کی رنراپ ٹیم 3کروڑ 65 لاکھ کروڑ ڈالرز کی حقدار ہوگی جبکہ 2022 میں رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ ڈالرز دیے گئے تھے۔تیسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کے حصے میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز آئیں گے جبکہ چوتھے نمبر کی ٹیم 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالرز جیت لے گی۔5 سے 8 ویں پوزیشن پر رہنے والی ہر ٹیم کو 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔9 سے 16 ویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم کے حصے میں ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالرز آئیں گے۔ 17 سے 32 ویں پوزیشن پر رہنے والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 45 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔33 سے 48 ویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی جس کا ذکر اوپر کیا جاچکا ہے۔اس ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ 2022 کے ایونٹ میں 64 میچز ہوئے تھے۔



