ناسا کے خلائی مشن کی ایک اور کامیابی ، تاریخ رقم کر دی
ناسا کے ایک خلائی جہاز نے سورج کے انتہائی قریب پرواز کر کے تاریخ رقم کر دی ، یہ خلائی جہاز سورج کی سطح سے 38 لاکھ میل کے فاصلے پر پرواز کر رہا تھا

امریکہ ( مانیٹرنگ ڈیسک )ناسا کے ایک خلائی جہاز نے سورج کے انتہائی قریب پرواز کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔سائنسدانوں کو پارکر سولر پروب سے ایک سگنل موصول ہوا۔ یہ خلائی جہاز سورج سے خارج ہونے والے انتہائی شدید درجہ حرارت اور بے تحاشہ تابکاری کو برداشت کرتے ہوئے سورج کی بیرونی فضا میں پرواز کر رہا تھا اور اس دوران اس کا زمین سے رابطہ منقطع تھا۔ناسا کا کہنا ہے کہ اس کا پروب محفوظ ہے اور معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔ یہ سورج کی سطح سے 38 لاکھ میل کے فاصلے پر پرواز کر رہا تھا۔اس مشن کے ذریعے سائنسدانوں کو یہ جاننے میں بھی مدد ملے گی کہ سورج درحقیقت کیسے کام کرتا ہے۔
پارکر سولر پروب کو 2018 میں لانچ کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ ہمارے نظام شمسی کے مرکز کی جانب بڑھ رہا ہے۔یہ پہلے ہی سورج کے پاس سے 21 مرتبہ گزر چکا ہے اور ہر چکر میں یہ اس کے مزید قریب تر ہوتا جا رہا ہے۔ تاہم اب اس نے سورج کے انتہائی قریب پہنچنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔



