صارفین کے لیے خوشخبری،سنیپ چیٹ نے بڑی تبدیلی کا فیصلہ واپس لے لیا
سنیپ چیٹ نے اپنے صارفین کی رائے سننے کے بعد تین ٹیبز والا نیا ڈیزائن ختم کر دیا ہے

نیویارک(ٹیکنالوجی ڈیسک ) سنیپ چیٹ نے اپنے صارفین کی رائے سننے کے بعد تین ٹیبز والا نیا ڈیزائن ختم کر دیا ہے۔ کمپنی نے اپنی حالیہ رپورٹ میں بتایا کہ صارفین، خاص طور پر پرانے اور زیادہ استعمال کرنے والے صارفین، اس نئے انداز سے خوش نہیں تھے۔ اس ڈیزائن میں Snap Map اور Stories کو ہٹا کر صرف Chat، Camera اور Spotlight پر توجہ دی گئی تھی، جس پر کئی لوگوں نے اعتراض کیا۔
کمپنی کے سی ای او ایون اسپیگل نے کہا کہ یہ تبدیلی خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مشکل ثابت ہوئی جو روزانہ کی بنیاد پر ان فیچرز کا استعمال کرتے ہیں۔ اب سنیپ چیٹ ایک نیا پانچ ٹیبز والا انٹرفیس آزما رہا ہے جس میں Snap Map اور Stories کو دوبارہ شامل کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی Spotlight کو بھی نمایاں کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو مواد تلاش کرنے میں آسانی ہو۔
کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ ان کے پلیٹ فارم کی کمائی میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے اور Q1 2025 میں سنیپ کی آمدنی 1.36 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ بہتر اشتہاری نظام اور Snapchat+ سبسکرپشنز میں اضافہ ہے۔
مزید یہ کہ سنیپ چیٹ کے AI ٹولز کو امریکہ میں 55 فیصد زیادہ استعمال کیا گیا ہے اور جلد ہی نئے AI اور augmented reality فیچرز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
دنیا بھر میں روزانہ استعمال کرنے والوں کی تعداد 460 ملین تک پہنچ گئی ہے، البتہ شمالی امریکہ میں ایک ملین صارفین کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اب مہینے میں ایک بار استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 900 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔